جمعہ 13 نومبر 2026 - 21:28
مثالی قرآنی معاشرے کی تشکیل کے لیے تقویٰ، اجتماعی تعاون اور امانت داری ضروری ہے: مولانا سید منظور رضا عابدی

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید منظور رضا عابدی نے کہا ہے کہ ایک مثالی اسلامی معاشرہ اسی وقت تشکیل پاسکتا ہے جب اس کے افراد گناہوں سے بچنے، ایک دوسرے کی مدد کرنے، مظلوموں کی حمایت اور معاشرتی ذمہ داریاں ادا کرنے کا عملی عزم کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید منظور رضا عابدی نے کہا ہے کہ ایک مثالی اسلامی معاشرہ اسی وقت تشکیل پاسکتا ہے جب اس کے افراد گناہوں سے بچنے، ایک دوسرے کی مدد کرنے، مظلوموں کی حمایت اور معاشرتی ذمہ داریاں ادا کرنے کا عملی عزم کریں۔

اپنے خطبۂ جمعہ میں انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کا آغاز انسان کی اپنی اصلاح اور خود احتسابی سے ہوتا ہے۔ جو شخص خود کو گناہوں سے محفوظ نہیں رکھ سکتا، وہ معاشرے میں برائیوں کے خلاف مؤثر کردار ادا نہیں کرسکتا۔ اگر عبادت میں دل نہ لگے، واجبات کی ادائیگی میں سستی ہو اور نیکیوں کی توفیق کم ہوتی جائے تو انسان کو اپنے اعمال کا جائزہ لینا چاہیے۔

مثالی قرآنی معاشرے کی تشکیل کے لیے تقویٰ، اجتماعی تعاون اور امانت داری ضروری ہے: مولانا سید منظور رضا عابدی

انہوں نے کہا کہ معاشرہ صرف افراد کے جمع ہونے کا نام نہیں، بلکہ اس کی مضبوطی کے لیے دینی قیادت، نظم و ضبط اور اجتماعی تعاون ضروری ہے۔ معاشرے کا ہر فرد، خواہ بچہ ہو، جوان، بزرگ یا خاتون، اپنی جگہ اہمیت رکھتا ہے اور کسی بھی طبقے کو نظرانداز کرکے مثالی معاشرہ تشکیل نہیں دیا جاسکتا۔

مولانا نے سورۂ مائدہ کی آیت نمبر ۲ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید نے نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون کرنے اور گناہ و ظلم کے کاموں میں تعاون سے بچنے کی تعلیم دی ہے۔ انہوں نے میاں بیوی کے اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو مسائل کو پہلے آپس میں حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور ضرورت پڑنے پر والدین، خاندان کے بزرگوں اور علماء سے رہنمائی لینی چاہیے۔

مثالی قرآنی معاشرے کی تشکیل کے لیے تقویٰ، اجتماعی تعاون اور امانت داری ضروری ہے: مولانا سید منظور رضا عابدی

انہوں نے مزید کہا کہ مومن صرف اپنی ذات کے لیے زندگی نہیں گزارتا، بلکہ دوسروں کے لیے آسانی اور ترقی کا ذریعہ بنتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جو مال و دولت عطا کی ہے، اس میں یتیموں، غریبوں اور ضرورت مندوں کے حقوق بھی شامل ہیں، اس لیے ان کی مدد کو اپنی ذمہ داری سمجھنا چاہیے۔

مولانا نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو مثالی معاشرتی زندگی کا بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے آپ کی محنت، ایثار، مہمان نوازی اور غریبوں کی خدمت کا ذکر کیا۔ انہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام پر اسرائیلی مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مظلوموں کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہماری دینی اور انسانی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے نماز جمعہ کے اجتماع کو امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے تجدید عہد کا موقع قرار دیا اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ دوسروں کو بھی نماز جمعہ میں شرکت کی دعوت دیں۔

مثالی قرآنی معاشرے کی تشکیل کے لیے تقویٰ، اجتماعی تعاون اور امانت داری ضروری ہے: مولانا سید منظور رضا عابدی

خطبے کے ایک اہم حصے میں انہوں نے علماء، ائمہ جماعت، انجمنوں اور دینی اداروں کے ذمہ داروں کے لیے امانت داری اور رازداری کو ضروری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص اپنے گھریلو یا ذاتی مسائل کسی عالم یا ادارے کے ذمہ دار کے سامنے بیان کرتا ہے تو اس کی بات کو امانت سمجھنا چاہیے اور اس کے نجی معاملات دوسروں کے سامنے بیان نہیں کرنے چاہئیں۔

انہوں نے زور دیا کہ باہمی تعاون، تقویٰ، امانت داری، رازداری اور معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ذریعے ہی ایک مضبوط اور مثالی قرآنی معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha